قاری کو بھلے اَٹپَٹا لگے کہ ایسے مؤقر رسالہ میں اس عنوان کو کہاں جگہ مل گئی مگر دوا کی عالمی ضرورت اور اس ضرورت کی تکمیل میں قدرتی ماخذ کی اہمیت سے وہ نظر نہیں پھیر سکتا ہے۔ نباتات سے علاج و معالجہ کی انسانی تاریخ بہت قدیم ہے ۔ انسان نے پودوں سے خوراک، لباس اور ایندھن تو حاصل کیا ہی، اپنی بیماری کی صورت میں انہیں پودوں کو بطورِ دوا بھی استعمال میں لایا۔ ابوالطب بقراط کا نظریہ تھا کہ انسان کا علاج اس کے آس پاس اگنے والے پودوں سے کیا جائے تو شفاء کی زیادہ...