مدیر محترم ’’ سہ ماہی آگہی ‘‘! حفظہ الله و تولاہ
السلام علیکم ورحمۃ الله وبرکاتہ
اللہ کرے مزاج گرامی بخیر ہو ، آگہی کا دوسر ا شمارہ کرم فرما شیخ راشد حسن حفظہ اللہ کے توسط سے دستیاب ہوا ،’’ چراغ آگہی‘‘ سے ’’چراغ آگہی‘‘ تک ، تمام مضامین کو بصد شوق و رغبت پڑھا اور مستفید ہوا ، آگہی کا آغاز یقیناً بہت خوش آئند ہے، اس لئے امید ہے کہ اس کا مستقبل خوب سے خوب تر ہوگا ان شاء الله العزیز-
موجودہ سنگین حالات میں جبکہ بہت سے جاری رسائل و مجلات کی اشاعت بند ہو چکی ہے، اور بہت سے آخری ہچکیاں لے رہے ہیں ، آپ حضرات نے ایک جدید مجلہ آگہی کی اشاعت کا حوصلہ کیا ہے ، یہ بلا شبہ ایک جرات مندانہ اقدام ہے، اور لایق صدتحسین و تبریک ہے ، اللہ تعالٰی آپ حضرات کا حوصلہ بلندا اور قائم و دائم رکھے، اور اس راہ کی مشکلات کو آسان فرمائے۔ آمین
آگہی کے زیر نظر شمارہ میں نا چیز کا ایک مضمون بعنوان ’’تقویۃ الایمان کے دو عربی ترجمے‘‘ شائع ہوا ہے، اس کے پیراگراف نمبر (9) کو نمبر اول میں مقدم کر دیاگیا ہے ، یہ ایک مناسب اصلاح ہے ، لیکن اس میں’’ ملحوظہ‘‘ کے تحت وارد ’’سلفی نسخہ‘‘ مترجم کو’’ندوی نسخہ‘‘ سے بدل دیا گیا ہے یہ صحیح نہیں ہے۔ یہاں استدراک در حقیقت ’’ سلفی نسخہ‘‘ یعنی مولا نا عبد الوحید شیخ الجامعہ رحمہ الله کے ترجمہ پر کیا گیا ہے، ولکل جواد کبوۃ ۔
مکرر بہت بہت مبار کباد، دعائیں اور نیک تمنائیں ۔
والسلام علیکم ورحمۃ الله